حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر کل ہند مجلس علماء و ذاکرین حیدرآباد دکن تلنگانہ اسٹیٹ مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آغا نے اسلام آباد میں مسجد خدیجہ الکبریٰ میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا نہایت افسوسناک اور قابلِ تشویش عمل ہے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں خصوصاً مذہبی اجتماعات کے تحفظ کے لیے مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ تمام مکاتبِ فکر کے افراد امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ ساتھ ہی انہوں نے عالمی انسانی حقوق تنظیموں اور مسلم قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں۔
مولانا حیدر آغا نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔









آپ کا تبصرہ